بھٹکل 9؍اگست (ایس او نیوز) پانچ روز سے لاپتہ ماہی گیرمنجوناتھ کھاروی کی لاش آج پڑوسی علاقہ کنداپور کے تراسی سمندر سے برآمد ہوئی جسے دوپہر قریب ایک بجے بھٹکل بندر میں واقع اُس کے مکان میں لے جایا گیا۔
مورخہ 3/ اگست کی شام کو آٹھ ماہی گیروں پر مشتمل کشتی بیچ سمندر پر طوفانی ہوائوں کے نتیجے میں اُلٹ گئی تھی، جس پر سوار آٹھ میں سے سات ماہی گیر آٹھ گھنٹوں سے زائد وقت تک سمندر میں تیرتے ہوئے دوسری ایک بوٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے مگر ایک ماہی گیر منجوناتھ بابو کھاروی سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا تھا، کوسٹ گارڈ کی مدد سے اس کو ہیلی کاپٹر اور دیگر تین جہازوں کے ذریعے بھی تلاش کیا جارہا تھا، مگر اس کی لاش کا کہیں پتہ نہیں چل رہا تھا۔ آج منگل صبح تراسی سمندرمیں اس کی لاش خودبخود سمندری موجوں نے کنارے لاکرڈال دیا۔
کنداپورتعلقہ کے تراسی میں لاش پائی جانے کی اطلاع ملتے ہی گنگولی ایم ایچ ابراہیم کی ہیلپ لائن سروس کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ پہلے کپڑوں کے ذریعے شناخت کی گئی، بعد میں اس کے بھائی اور دیگر لوگ بھی بھٹکل سے تراسی پہنچ کر لاش کی شناخت کی۔ ہیلپ لائن سروس کی ایمبولنس کے ذریعے ہی لاش کو پہلے کنداپور سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد اُسی ایمبولنس پر بھٹکل بندر میں واقع اُس کے مکان پہنچایا گیا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں لوگ گھر کے باہر جمع تھے اور پورے علاقہ کے عوام اس نوجوان کی موت پر سخت صدمہ سے دوچار تھے۔
خیال رہے کہ منجوناتھ کھاروی کا گھرانہ نہایت غریب ہے، اُس نے اپنے پیچھے بیوہ، ،دو بچیاں اور ماں اور باپ کو چھوڑ کر ہمیشہ کے لئے وداع ہوگیا۔